خلاصہ
- کراچی:( دنیا نیوز) شہرِ قائد کے گھارو پمپنگ سٹیشن پر کے الیکٹرک کے بجلی کے نظام میں کیبل فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس کے نتیجے میں گھارو نیو پمپ ہاؤس، گھارو اولڈ پمپ ہاؤس اور فلٹر پلانٹ کی بجلی بند ہوگئی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث گھارو پمپنگ سٹیشن سے کراچی کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی بندش سے پورٹ قاسم، بن قاسم ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل اور کارساز کے علاقے متاثر ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گھارو پمپنگ سٹیشن سے شہر کو یومیہ 30 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ بجلی کی بندش کے باعث کراچی کو تقریباً 14 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا متوقع ہے۔
دوسری جانب واٹر کارپوریشن حکام نے بتایا کہ بجلی کی بحالی کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن شہر کو روزانہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کرتا ہے جب کہ بجلی کی بندش کے باوجود شہر کو 536 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری ہے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ بجلی بحال ہوتے ہی گھارو پمپنگ سٹیشن سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔