شہزادی ڈیانا کے اداکار ٹیرنس کو لکھے جذبات بھرے خطوط کی نیلامی

شہزادی ڈیانا کے اداکار ٹیرنس کو لکھے جذبات بھرے خطوط کی نیلامی

دی ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ خطوط دونوں کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کی تفصیلات کو بے نقاب کرتے ہیں کیونکہ شہزادی ڈیانا برطانوی اداکار سے ڈپریشن کی دوا پروزیک کے استعمال کے بارے میں کھل کر بات کرتی تھیں اور انہیں بے باک پوسٹ کارڈز بھی بھیجا کرتی تھیں۔

اکتوبر 1991 کے ایک خط میں ڈیانا اداکار کا شکریہ ادا کرتی ہیں جو انہوں نے دوپہر کے کھانے پر ان کے لیے تیار کیا تھا، ڈیانا نے لکھا کہ وہ ان کے کام کے حوالے سے ان کی سمجھ بوجھ سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔

ایک ماہ بعد شہزادی ڈیانا نے اداکار کو ایک بار پھر دوپہر کے کھانے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے خط لکھا جس میں اس بار انہیں کیویار پیش کیا گیا تھا اور پھر مزید لکھا کہ مجھے ابھی تک پروزیک چھوڑنے کی علامات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق پروزیک فلوزسٹین کا تجارتی نام ہے جو کہ ڈپریشن اور نفسیاتی امراض وسوسے اور کھانے پینے کے امراض کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا ہے۔

اسی سال دسمبر میں انہوں نے انہیں ایک پوسٹ کارڈ بھیجا جس پر ایک برہنہ خاتون کے سینے کی تصویر تھی اور اس پر لکھا تھا کہ لندن سے بہت سارا پیار۔ شہزادی نے سٹیمپ کو شیمپین کا شکریہ ادا کرنے کے لیے بھی ایک کارڈ لکھا تھا جس پر بستر میں ایک جوڑے کی تصویر بنی ہوئی تھی اور اس پر ازدواجی تعلق کے حوالے سے ایک جملہ درج تھا۔

نیلام گھر بونہمس ان خطوط کو بیچنے کی تیاری کر رہا ہے جو آنجہانی اداکار کے ورثاء کی ملکیت ہیں اور یہ نیلامی رواں ماہ 15 جون سے آواز اور سنیما کے لیے مخصوص ایک تقریب میں شروع ہوگی، توقع ہے کہ ایک خط کی قیمت 500 برطانوی پاؤنڈ سے 2000 برطانوی پاؤنڈ کے درمیان ہوگی۔

دوسری طرف نیلام گھر میں پاپولر کلچر شعبے کی سربراہ کلیئر ٹول موئیر نے کہا کہ یہ نیلامی ٹیرنس سٹیمپ کی شخصیت کے متعدد پہلوؤں کو نمایاں کرے گی جس سے جین شرمپٹن اور جولی کرسٹی کے ساتھ ان کے تعلقات اور ڈیانا کے ساتھ ان کی دوستی پر مزید روشنی پڑے گی۔

واضح رہے گزشتہ سال وفات پانے والے اداکار سٹیمپ 60 کی دہائی کے دوران لندن کے نمایاں ترین چہروں میں سے ایک اور اس دور میں خوبصورتی و فیشن کی علامت سمجھے جاتے تھے، انہوں نے بعد میں 1978 کی فلم سپرمین میں جنرل زوڈ کا کردار نبھا کر عالمی شہرت حاصل کی اور پھر سپرمین 2 میں بھی یہی کردار دہرایا۔

ڈیانا کی ذاتی خط و کتابت نیلامیوں میں سب سے زیادہ دلچسپی پیدا کرنے والی چیزوں میں شمار ہوتی ہے، ماضی میں بھی ان کے خطوط کا ایک مجموعہ فروخت ہو چکا ہے، ان نیلامیوں میں 2024 میں ان کی سابق ہاؤس کیپر وائلٹ کولیسن کے نام لکھے گئے خطوط شامل ہیں، ایک اور مجموعہ جس میں ان کے دوستوں سوزی اور طارق قاسم کے نام 32 خطوط شامل تھے 2023 میں 145,550 برطانوی پاؤنڈز میں فروخت ہوا تھا۔