مائیں بچوں کی تعلیم میں کیسے مدد کر سکتی ہیں؟

مائیں بچوں کی تعلیم میں کیسے مدد کر سکتی ہیں؟

بچہ بولنا، چلنا، دوسروں سے بات کرنا، اچھے اخلاق اپنانا اور سیکھنے کا شوق سب سے پہلے اپنی ماں سے حاصل کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اگر ماں اپنی ذمہ داری کو شعوری انداز میں ادا کرے تو بچے کی تعلیمی کارکردگی، شخصیت اور مستقبل پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، یہ ضروری نہیں کہ ہر ماں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو بلکہ محبت، توجہ، مستقل مزاجی اور سیکھنے کا جذبہ بھی بچوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، آج کے دور میں جہاں تعلیمی اور اخلاقی چیلنجز بڑھ رہے ہیں وہاں ماؤں کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

گھر میں تعلیمی ماحول پیدا کریں
بچے کا سب سے زیادہ وقت گھر میں گزرتا ہے اس لیے گھر کا ماحول اس کی تعلیم پر گہرا اثر ڈالتا ہے، اگر گھر میں کتابیں پڑھنے کی عادت، علم کی قدر اور سیکھنے کی حوصلہ افزائی ہو تو بچے بھی تعلیم سے محبت کرنے لگتے ہیں، ماں کو چاہیے کہ روزانہ ایک مقررہ وقت بچے کے ساتھ پڑھائی کے لیے مختص کرے، اگر بچہ چھوٹا ہے تو اسے کہانیاں سنائے، تصویری کتابیں دکھائے اور نئے الفاظ سکھائے، بڑے بچوں سے ان کے سکول، ہوم ورک اور روزمرہ کی سرگرمیوں پر گفتگو کرے، اس سے نہ صرف بچے کی دلچسپی بڑھے گی بلکہ اس کا اعتماد بھی مضبوط ہوگا، اس کے علاوہ گھر میں ٹی وی، موبائل فون اور دیگر غیر ضروری مصروفیات کے استعمال کو مناسب حد تک محدود کرنا بھی ضروری ہے تاکہ بچے اپنی توجہ پڑھائی پر مرکوز رکھ سکیں۔

بچوں کی حوصلہ افزائی و جذباتی معاونت
ہر بچہ اپنی صلاحیتوں اور رفتار کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے، بعض بچے جلد سیکھتے ہیں جبکہ کچھ کو زیادہ وقت درکار ہوتا ہے، ایسی صورت میں ماں کو صبر، محبت اور حوصلہ افزائی سے کام لینا چاہیے، اگر بچہ امتحان میں کم نمبر لے آئے یا کسی مضمون میں کمزور ہو تو اسے ڈانٹنے یا دوسروں سے موازنہ کرنے کے بجائے اس کی رہنمائی کریں، اس سے پوچھیں کہ اسے کس مشکل کا سامنا ہے اور اس مشکل کو حل کرنے میں اس کا ساتھ دیں، بچے کی ہر چھوٹی کامیابی پر اس کی تعریف کریں، ایک اچھا لفظ، ایک مسکراہٹ یا ایک چھوٹا سا انعام بچے کے اندر مزید محنت کرنے کا جذبہ پیدا کر سکتا ہے، مثبت رویہ بچے کی خود اعتمادی میں اضافہ کرتا ہے اور اسے ناکامی سے سیکھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔

سکول سے رابطہ اور جدید ذرائع کا استعمال
تعلیم صرف سکول کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین اور اساتذہ کی مشترکہ کوشش سے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں، ماؤں کو چاہیے کہ وہ وقتاً فوقتاً اساتذہ سے ملاقات کریں، بچے کی تعلیمی کارکردگی، رویے اور کمزوریوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور ان کے مشوروں پر عمل کریں، اسی طرح جدید ٹیکنالوجی کو بھی مثبت انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے، انٹرنیٹ، تعلیمی ویب سائٹس، آن لائن لیکچرز اور تعلیمی ایپس بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ کر سکتی ہیں بشرطیکہ ان کا استعمال نگرانی کے ساتھ ہو، ماں اگر خود بھی نئی چیزیں سیکھنے میں دلچسپی لے اور بچے کے ساتھ مل کر معلومات حاصل کرے تو بچے میں عمر بھر سیکھتے رہنے کی عادت پیدا ہوتی ہے۔

کچھ تجاویز
٭ روزانہ کم از کم 30 منٹ ایک گھنٹہ بچے کی تعلیم کے لیے مخصوص کریں۔

٭ بچے سے روز پوچھیں کہ آج کیا نیا سیکھا۔

٭ گھر میں مطالعے کی عادت کو فروغ دیں اور کتابوں کو اہمیت دیں۔

٭ ہوم ورک کی نگرانی کریں لیکن ہر کام خود نہ کریں بلکہ بچے کو سوچنے کی ترغیب دیں۔

٭ بچے کی دلچسپی، صلاحیت اورعزائم کا احترام کریں۔

٭ اساتذہ سے مسلسل رابطہ رکھیں اور تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

٭ بچے کو وقت کی پابندی، صفائی، دیانت داری اور ذمہ داری جیسے اخلاقی اوصاف بھی سکھائیں کیونکہ اچھی تعلیم صرف نصابی کتابوں تک محدود نہیں ہوتی۔

٭ موبائل اور سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے مناسب اصول بنائیں تاکہ تعلیم متاثر نہ ہو۔

کامیاب معاشرے کی تعمیر تعلیم یافتہ اور باکردار نسل سے ہوتی ہے اور ایسی نسل کی تربیت میں ماں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، محبت، صبر، حوصلہ افزائی، نظم و ضبط اور مسلسل رہنمائی کے ذریعے ہر ماں اپنے بچے کی تعلیمی اور اخلاقی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے، جب مائیں اپنے بچوں کی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بناتی ہیں تو نہ صرف ان کے اپنے بچے کامیاب ہوتے ہیں بلکہ پورا معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، اس لیے ہر ماں کو چاہیے کہ وہ خود بھی سیکھنے کا عمل جاری رکھے اور اپنے بچوں کے لیے علم، کردار اور محنت کا بہترین نمونہ بنے۔