خلاصہ
- پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی صحافی کرسٹینا آسی کو انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈز میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (CPJ) کے اعلامیہ کے مطابق کرسٹینا آسی نے لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر رپورٹنگ کے دوران ایک اسرائیلی حملے میں اپنی ایک ٹانگ گنوا دی تھی۔
اکتوبر 2023 میں رائٹرز (Reuters) کے صحافی عصام عبداللہ سرحدی علاقے میں تنازع کی کوریج کے دوران ایک حملے میں ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ چھ دیگر صحافی زخمی ہوئے تھے، جن میں اے ایف پی کے صحافی کرسٹینا آسی اور ڈیلن کولنز (Dylan Collins) بھی شامل تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی ایک آزادانہ تحقیقات کے مطابق اسرائیل کے اندر جردیخ کے علاقے سے اسرائیلی ٹینک نے 120 ملی میٹر کے دو گولے فائر کیے تھے۔

سی پی جے نے 19 نومبر کو نیویارک میں ہونے والی تقریب سے قبل اعزاز پانے والوں کے اعلان میں جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ اگرچہ یہ اسرائیل کی جانب سے صحافیوں پر ہونے والے حملوں میں سب سے زیادہ دستاویزی شواہد رکھنے والا واقعہ ہے، لیکن تقریباً تین سال گزرنے کے باوجود اب تک کسی کو بھی اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے کے بعد، کرسٹینا آسی نے عصام عبداللہ کے قتل پر انصاف کے لیے آواز بلند کی، صحافیوں کی حفاظت کے لیے سرگرم رہیں، اور ایسے افراد کے لیے بحالی کے ایک پروگرام کی حمایت کی جو اسی نوعیت کی زندگی بدل دینے والی جسمانی معذوری کا شکار ہوئے ہیں۔