صحافی ارشد شریف کو کینیا کی پولیس نے غلط فہمی میں مار دیا: کینین میڈیا

Published On 24 October,2022 08:18 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو کینیا میں قتل کر دیا گیا۔

کینین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ارشد شریف کو کینیا کی پولیس نے غلط فہمی میں مار دیا، نیروبی ہائی وے پر پولیس نے گولی ماری، جس کار میں ارشد شریف سوارتھے پولیس کو اس جیسی کار کی تلاش تھی۔

کینین میڈیا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے ڈرائیور کے ناکہ توڑنے پر پولیس نے فائرنگ کی، ارشد شریف کو سر پر گولی لگی جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 دوسری جانب کینیا پولیس کی جانب سے سینئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کو غلط فہمی کی بنیاد پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ہمیں ارشد شریف جیسی ہی ایک کار میں بچے کو یرغمال بنانے کی اطلاع ملی تھی جس پر روڈ بلاک کر کے گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی تھی کہ اس دوران پاکستانی صحافی کے ڈرائیور نے کار روکنے کے بجائے قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر ان کا پیچھا کیا گیا اور پھر یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔

کینیا پولیس ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پولیسنگ اوور سائٹ اتھارٹی معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

 

Advertisement