کراچی: (دنیا نیوز) ایڈیشنل آئی جی کراچی نے الیکٹرونک میڈیا کے بیورو چیفس سے ملاقات کی جس کے دوران صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
کراچی میں ہونے والی ملاقات میں سینئر صحافی مقتول اطہر متین کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ بتایا گیا کہ قتل کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ غلام نبی میمن نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائیگا۔ پولیس اور میڈیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مزید کہا کہ پولیس میں تھانے کی سطح پر نفری میں اضافے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کارکردگی نہ دکھانے والے تھانیداروں کو عہدے سے ہٹا دیا جائیگا۔ مقدمات کے اندراج کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔