اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے صحافی اطہر متین کے قتل پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہدایت کر دی۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ نے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی کا ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ایک بہیمانہ واقعہ ہے، واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔
خیال رہے سینئر صحافی اطہر متین کو ڈاکووں نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ڈاکوؤں نے سینئر صحافی کو نارتھ ناظم آباد میں لوٹنے کی کوشش کی، صحافی نے بھرپور مزاحمت کی اور گاڑی سے ڈاکوؤں کو ٹکر بھی ماری، ڈاکووں نے واردات ناکام ہوتے دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر صحافی جاں بحق ہو گئے۔