نجی ٹی وی کے سینئر صحافی اطہر متین ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق

Published On 18 February,2022 10:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) نجی ٹی وی کے سینئر صحافی اطہر متین کو ڈاکووں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکےموت کے گھاٹ اتار دیا۔

کراچی کے شہریوں سے موبائل فون اور گاڑیاں چھیننے والے قیمتی جانیں بھی لئے جا رہے ہیں۔ گھر کے گھر اجاڑے جا رہے ہیں مگر حکمرانوں کو شہر کے امن و امان کی کوئی فکر نہیں۔ آج بھی شہر قائد میں سینیئر صحافی اطہر متین ڈاکووں کی گولی کا نشانہ بن گئے۔

اطہر متین بچوں کو سکول چھوڑ کر واپس گھر جا رہے تھے، نارتھ ناظم آباد میں دو سٹریٹ کرمنلز کو شہریوں سے لوٹ مارکرتے دیکھا تو انہیں اپنی گاڑی سے ٹکر مار دی۔ ملزمان زمین پر گر پڑے لیکن اٹھتے ہی کار پر فائرنگ کر دی جس سے صحافی اطہر متین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان کی بائیک سٹارٹ نہیں ہوئی جس کے بعد وہ دوسرےشہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو بائیک لیکر بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ واردات کے شواہد جمع کرلیے، مزید جانچ پرتال کررہے ہیں۔ جائے وقوعہ کا جائزہ لینے والی ٹیم کے مطابق ڈاکووں نے 3 فائر کئے ، اطہر متین کو ایک گولی لگی، واردات کے مقام سے 30 بور کے 3 خول ملے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کا سراغ لگا لیا، موٹر سائیکل بلوچستان کے علاقے خضدار سے 2020 میں خریدی گئی جو محمد جہانگیر کے نام پر ہے، موٹر سائیکل 125سی سی ہے لیکن دستاویزات میں 70سی سی سامنے آئی ہے۔ موٹر سائیکل کے چیسز میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کے مطابق تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ٹیم میں ایس ایس پی ایس آئی یو اور ایس ایس پی سینٹرل بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صحافی اطہر متین کا قتل: وزیراعظم کی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے صحافی اطہر متین کے قتل پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے ملوث ڈاکووں کوکیفرکردارتک پہنچانےکیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی اطہر متین کے قتل پر اظہار افسوس کیا اور چیف سیکرٹری سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی کا ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ایک بہیمانہ واقعہ ہے جس کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔