کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی اطہر متین کی نماز جنازہ ادا

Published On 19 February,2022 03:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی اطہر متین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ گورنرسندھ، وزیراطلاعات سندھ ، سیاسی رہنماؤں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفتیش کاروں نے ملزمان کی پانچ وارداتوں کے مناظر حاصل کرلئے۔

گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں اسٹریٹ کرمنل کی فائرنگ سے قتل ہونے والے اطہر متین کی کلفٹن صدیق اکبر مسجد میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر، جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن اور صحافیوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق موقع سے ملنے والے خول کا فارنزک کروایا گیا جو ماضی کی کسی واردات سے میچ نہیں ہوسکے۔ موٹر سائیکل چوری اور فروخت میں ملوث ملزمان کا ڈیٹا لیا گیا۔ جیل سے ایک سال میں رہا ہونے والے ملزمان کو بھی فہرست بنائی گئی ہے۔ سی آر او سے تصاویر نکال کر سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جارہی ہیں۔

پولیس نے صبح سویرے وارداتیں کرنے والے 2 رکنی گروہ کی فوٹیجز بھی حاصل کر لیں۔ ذرائع کے مطابق گروہ 150سی سی موٹرسائیکل چھیننے میں ملوث ہے،ملزمان کی 5 وارداتوں کے مناظر تفتیش کاروں نے حاصل کرلئے۔ سینئر صحافی اطہر متین پر بھی صبح 8 بجکر 29 منٹ پر گولی چلائی گئی۔ موٹرسائیکل سوار ایک ملزم ہیلمٹ، دوسرا کیپ پہن کر وارداتیں کرتے ہیں۔
 

Advertisement