کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں شہری کو اسٹریٹ کرمنل سے بچانے کی کوشش کرنے والے صحافی اطہر متین کیس کا مرکزی ملزم پکڑا گیا۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے دنیا نیوز کو تصدیق کر دی۔
وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کے مطابق قتل میں ملوث ایک ملزم اشرف کو سندھ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ دنیا نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائیگی۔ دنیا نیوز نے گرفتار ملزم اشرف کی تصویر بھی حاصل کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اشرف کو حساس اداروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا، واردات میں شامل دوسرا ملزم تاحال مفرور ہے۔
سینیئر صحافی اطہر متین 18 فروری کی صبح بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھر واپس جا رہے تھے، نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی کے قریب ڈکیت کسی شہری کو لوٹ رہے تھے۔ اطہر متین نے گاڑی سے ڈکیتوں کو ٹکر ماری، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر کے صحافی کو قتل کر دیا تھا۔ ہائی پروفائل کیس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے انتہائی متحرک تھے۔