کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں صحافی اطہر متین کے دوران ڈکیتی قتل کے واقعے کی نئی ویڈیوز منظرعام پر آگئی۔ ویڈیو میں شہید اطہر متین کو بچانے کے لیے شہری فکر مند دکھائی دیا۔ ایمبولینس اور پولیس کو اطلاع دو کی آوزیں فوٹیج میں سنائی دے رہی ہیں، پولیس بڑی واردات کے باوجود حسب معمول غائب ہے کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثہ کے بعد شہریوں کا ہجوم لگ گیا جس میں ایک شہری مستقل پولیس اور ایمبولینس کو بلانے کا کہہ رہا تھا۔ ویڈیو میں ڈاکو کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی آواز واضح سنی جاسکتی ہے۔ اطہر متین فائرنگ سے لہولہان تھے۔
" یہ ابھی زندہ ہے کوئی ہسپتال لے کر چلو" کی آوازیں ویڈیو میں سنائی دے رہی ہیں۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت شہید اطہر متین کو ہسپتال لے جاتے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں سٹریٹ کرائمز کی وارداتیں روکنے میں مکمل ناکام ہیں۔ پولیس کی نااہلی کہ سبب دن دیہاڑے نہ صرف لوٹ مار بلکہ لوٹ مار کے دوران قتل کی وارداتیں معمول بن رہی ہیں جس کے باعث اطہر متین جیسے کئی معصوم شہری جان کی بازی ہار رہے ہیں۔ شہید اطہر متین کے گھر میں صف ماتم بچھ گیا مگر تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے میں سینٹرل پولیس ناکام نظر آئی۔ جمعے کے روز نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر صحافی اطہر متین کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔