شاعر، ادیب امتیاز گلیانوی کی ادبی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف

شاعر، ادیب امتیاز گلیانوی کی ادبی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف

بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر، ادیب اور صحافی امتیاز گلیانوی کا تعلق تحصیل گوجرخان کے نواحی قصبے گلیانہ سے ہے، جو اب تک دس کتابوں کے مصنف ہیں۔

ان کی نمایاں کتابوں میں ’’سدراں ناں سیک‘‘، ’’روشن ستارہ‘‘، ’’فن و شخصیت‘‘، ’’باقی سب خیریت ہے‘‘، ’’ستارے میرے ہمسفر‘‘، ’’امتیاز نامہ‘‘ اور انگریزی میں مختصر کہانیوں کا مجموعہ ’’ٹرائی اینگل آف لائف‘‘ شامل ہیں، انہوں نے اپنے ادبی سفر کا آغاز 1994 میں کیا۔

امتیاز گلیانوی کی مختلف کتابوں پر تحقیقی مقالے لکھ کر ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ میں ناردرن یونیورسٹی نوشہرہ کی حنا گل، الحمد یونیورسٹی اسلام آباد کے محمد اعجاز اور بینظیر بھٹو یونیورسٹی پشاور کی ماہین بی بی شامل ہیں۔

ان طلبہ کے نگران معروف ادبی شخصیت ڈاکٹر نثار ترابی تھے۔ اس کے علاوہ امتیاز گلیانوی کی ادبی خدمات پر بی ایس کے چار مقالے بھی لکھے جا چکے ہیں۔

ان کے افسانوی مجموعے ’’چولہے کی راکھ میں چمکتا چاند‘‘ کو دی ایجوکیشنل پبلیکیشن نئی دہلی، بھارت بھی شائع کر چکا ہے جبکہ نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد ان کی کتابوں ’’قلم میں بند پندرہ سال‘‘ اور ’’چھوٹا منہ بڑی بات‘‘ کے نئے ایڈیشن دوبارہ شائع کر چکا ہے۔

امتیاز گلیانوی کو پاکستان سمیت کئی دیگر ممالک میں بھی ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں مختلف اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔