بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور کور کی سرپرستی میں ٹرائتھلون 2020 مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا، علاقے کے نوجوانوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد پر زبردست جوش و خراش کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلوں مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور میں ٹرائیتھلون 2020 مقابلوں کے انعقاد کا مقصد علاقے میں تفریحی و صحت مندانہ سرگرمیاں بحال کرنا ہے، یہ مقابلے بہاولپور کور کی سرپرستی میں منعقد کیے گئے۔
ٹرائتھلون 2020 مقابلوں میں تین ایونٹس رکھے گئے جن میں تین سو میٹر تیراکی کے مقابلے، 20 کلومیٹر سائیکلنگ جبکہ 10 کلو میٹر دوڑ شامل تھی، ان مقابلوں میں 300 سے زائد یونیورسٹیز، کالجز اور مدارس کے طلبہ، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی حصہ لیا۔
نوجوانوں کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد پر زبردست جوش و خراش کا مظاہرہ کیا گیا اور ٹرائتھلون مقابلے علاقے کیلئے مثبت پیش رفت قرار دیا، کور کمانڈر بہاولپور نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔