ویمن فٹبال ٹورنامنٹ: سعودی عرب اور پاکستان کی ٹیمیں آج مدمقابل

Published On 19 January,2023 12:23 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں جاری چار ملکی ویمن فٹبال ٹورنامنٹ میں آج پاکستان اور سعودی عرب کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میچ سعودی عرب کے ساحلی شہر الخبر سٹی کے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

موریشس سے میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ویمن ٹیم اپنے آخری دوستانہ میچ میں سعودی عرب کے خلاف مضبوط کم بیک کرنے کیلئے پرامید ہے ۔

ٹورنامنٹ میں سعودی عرب دونوں میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں کوموروس کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی تاہم قومی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں موریشس کو ہرانے میں ناکام رہی تھی ۔

خیال رہے کہ چار ملکی دوستانہ فٹ بال ٹورنامنٹ  گزشتہ  ہفتے سے پرنس سعود بن جلاوی سٹیڈیم میں شروع ہوا تھا،  سعودی عرب کی طرف سے اس ٹورنامنٹ کی نگرانی و میزبانی فیفا کی طرف سے پہلی سعودی فٹبال ریفری بننے کا اعزاز پانے والی انود الاسماری کر رہی ہیں۔

سال 2020 میں مملکت میں قومی ویمنز لیگ شروع ہونے کے بعد سے یہ پہلا ایونٹ ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب 2026 میں ہونیوالے ویمن ایشین کپ کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔
 

Advertisement