پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارا نے ماؤنٹ اناپورنا سر کرلی

Published On 15 April,2023 12:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارا نے 8091 میٹر بلند ماؤنٹ اناپورنا کو سر کر لیا۔

ماؤنٹ اناپورنا دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی ہے جس کو ساجد سدپارا نے بغیر مصنوعی آکسیجن کے سر کیا ہے ، ساجد سدپارا پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے اناپورنا کے ٹاپ پر پہنچے۔

ساجد سدپارا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ بھی جاری کیا جس میں انہوں نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی منزل کے بہت قریب ہیں ۔

ساجد سدپارا 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں بغیر مصنوعی آکسیجن سر کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

ساجد سدپارا عظیم کوہ پیما علی سدپارا مرحوم کے صاحبزادے ہیں ، اس سے قبل انہوں نے کے ٹو، مناسلو، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو بھی بغیر مصنوعی آکسیجن سر کیے ہیں ۔

ساجد سدپارا آنے والے دنوں میں ماؤنٹ مکالو، دالواگیری اور کنگچنجونگا بھی سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔