اولمپئن شہناز شیخ کو پاکستان ہاکی ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا

Published On 21 July,2023 11:54 am

لاہور: (دنیانیوز) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز اولمپئن شہناز شیخ کو پاکستان ہاکی ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہناز شیخ کو دو سال کیلئے قومی ٹیم کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ، پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے فیصلے کی منظوری دیدی۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نےاولمپک کوالیفائرکی میزبانی کی تیاری شروع کردی ہے ۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) نے پاکستان کو پہلی مرتبہ اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی سونپی ہے، آٹھ ممالک کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ آئندہ برس  13 سے 21 جنوری لاہور میں کھیلا جائے گا۔