لاہور: (اسمارفیع ) سال2023 بھی تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ اختتام پذیر ہونے کو ہے ، دنیا نے یہ سال بے شمار نشیب وفراز کے ساتھ دیکھا ، ہر سال کے اختتام پر جہاں دنیا بھر میں ہونیوالے ایونٹس کا ذکر کیا جاتاہے وہیں ہم بات کرنے لگے ہیں کھیلوں کی دنیا کی ، جو ہر سال کی طرح انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا ۔
کرکٹ اور ٹینس کی طرح فٹ بال بھی دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا رہا اور مداحوں نے سال بھر ہونے والے میچز کو بے حد سراہا، آئیے ہم آپ کو بھی سال 2023 میں ہونیوالے فٹبال کے کچھ بڑے مقابلوں کی یاد دلاتے ہیں اس یقین کے ساتھ کہ آپ نے بھی ان میچز کا خوب لطف اٹھایا ہوگا۔
انگلش پریمیئر لیگ : مانچسٹر سٹی نے مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا
مئی 2023 میں مانچسٹر سٹی نے مسلسل تیسری مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، پریمیئر لیگ میں آرسنل کو ناٹنگھم فورسٹ نے صفر کے مقابلے ایک گول سے شکست دی ، جس کے بعد مانچسٹر سٹی کی برتری واضح ہوگئی ، یوں سٹی نے بعدازاں لیگ میں اپنے آخری میچ میں چیلسی کو ایک گول سے ہراکر ٹاٗئٹل اپنے نام کیا ۔
سپینش لیگ لالیگا کا ٹائٹل بارسلونا نے جیت لیا
فٹبال کے اہم مقابلوں میں ایک اور مقابلہ مئی 2023 میں ہوا جب بارسلونا نے حریف ٹیم اسپانیول کو ہوم گراؤنڈ پر چار دو سے شکست دے کر اسپینش لیگ لالیگا کا ٹائٹل جیت لیا۔
بارسلونا نے ہوم ٹیم کے خلاف ابتدائی بیس منٹ میں دو گول کی برتری حاصل کی، ابھی پہلا ہاف بھی نہ ہوا تھا کہ لیوان ڈاؤسکی نےاپنا دوسرا گول بھی داغ دیا۔
دوسرے ہاف میں بارسلونا کے کندے نے 53 ویں منٹ میں گول بنا کر سکور چار صفر کر دیا ، اس کے بعد اسپانیول نے خسارہ کم کیا اور دو گول بنائے لیکن میچ بارسلونا نے دو کے مقابلے میں چار گول سے جیت کر 2019 کے بعد ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، میسی کے کلب چھوڑنے کے بعد یہ بارسلونا کی پہلی فتح تھی ۔
مانچسٹر سٹی پہلی بار یوئیفا چیمپئنزلیگ کا فاتح بنی
10 جون 2023 کو مانچسٹر سٹی نے فائنل میں انٹر میلان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کر لیا۔
فٹ بال چیمپیئن شپ کا فائنل استبنول کے اتاترک سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں مقابلہ آخر تک اعصاب شکن رہا ، اطالوی فٹ بال کلب کو شکست دینے کے بعد مانچسٹر نے سنسنی خیز سیزن مکمل کر لیا، چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جینے کے بعد مانچسٹر سٹی تین بڑی ٹرافیاں جیتے والی دوسری ٹیم بن گئی۔
یاد رہے کہ دو سال قبل مانچسٹر سٹی یوئیفا چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم چیلسی کے مقابلے میں اسے شکست سے دوچار ہوناپڑا تھا۔
ویمنز فیفا ورلڈکپ : پہلی بار سپین ورلڈ چیمپئن بن گیا
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشترکہ میزبانی میں 20 جولائی سے 20 اگست تک کھیلے جانے والے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں سپین کی ٹیم نے انگلینڈ کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
سڈنی سٹیڈیم میں ویمنز فٹبال ورلڈ کپ کے نویں ایونٹ کی اس کامیابی کے ساتھ سپین، امریکا، جرمنی ، ناروے اور جاپان کے بعد ویمنز ورلڈ کپ جیتنے والا پانچواں ملک بن گیا ،اس سے قبل امریکا 4، جرمنی 2، ناروے اور جاپان نے 1-1 مرتبہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
فیفا ورلڈکپ کوالیفائر : ارجنٹینا نے برازیل کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کی
نومبر 2023 میں فیفا ورلڈکپ کوالیفائر میں ارجنٹینا نے برازیل کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کردی، برازیل کو تاریخ میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا نے برازیل کو ہوم گراؤنڈ پر 0-1 سے شکست دی ، حریف ٹیم کی جانب سے نیکولاس اوٹامینڈی نے 63 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
برزایل پہلی بار ہوم گراؤنڈ میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ، میسی کی قیادت میں ارجنٹینا واحد ٹیم رہی جس نے 70 سالوں میں برازیل کو ہوم گراؤنڈ پر دوسری شکست دی۔