جیسا سنا تھا ویسا بالکل نہیں، بھارتی خاتون فائٹر کی پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور ہوگئیں

Published On 21 August,2024 06:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی خاتون فائٹر باکسر خوشبو نشاط نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق ان کی سب غلط فہمیاں دور ہوگئیں۔

لاہور میں ہونے والی مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خوشبو نشاط نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی بہت اچھی ہے، یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں جیسے ہم نے سنا تھا ویسا بالکل نہیں ہے۔

خوشبو نشاط کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ بہت خوش مزاج اور بہت مددگار ہیں، بھارت میں پاکستان سے متعلق غلط باتیں ہوتی ہیں کہ پاکستان بہت خطرناک ملک ہے، جب یہاں آکر دیکھا تو میری سب غلط فہمیاں دور ہوگئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے بھارت میں محفوظ محسوس کررہی تھی ویسے ہی یہاں پر بھی محسوس کررہی ہوں، سنا تھا یہاں لڑکیوں کو کافی دبا کر رکھا جاتا ہے ، ایسا نہیں ہے لڑکیاں یہاں محفوظ رہتی ہیں، پاکستان بہت اچھا ملک ہے۔

واضح رہے کہ مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے میں پاکستان کی بانو بٹ نے خوشبو کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔