ریسلر جان سینا نے ریسلنگ کو باضابطہ طور پر الوداع کہہ دیا

Published On 14 December,2025 12:11 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ڈبلیو ڈبلیو ای (WWE) کے لیجنڈ ریسلر جان سینا نے واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے سنیچر نائٹس مین ایونٹ میں اپنے شاندار ریسلنگ کیریئر کو باضابطہ طور پر الوداع کہہ دیا۔

17 مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن جان سینا نے اپنے آخری مقابلے میں آسٹریا کے سٹار ریسلر گنتر کا سامنا کیا۔

تماشائیوں سے بھرے سٹیڈیم میں ہونے والا یہ مقابلہ ابتدا سے ہی سنسنی خیز رہا، دونوں ریسلرز کے درمیان زبردست اور برابر کی ٹکر دیکھنے میں آئی اور ایک موقع پر مقابلہ جان سینا کے حق میں جاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، تاہم گنتر کے مسلسل اور سخت سلیپر ہولڈ کے سامنے جان سینا خود کو نہ بچا سکے اور حیران کُن طور پر ٹیپ آؤٹ کر گئے، جس پر سٹیڈیم میں موجود شائقین مایوسی اور حیرت کا شکار ہوگئے۔

مقابلے کے بعد جان سینا نے علامتی طور پر اپنے جوتے، آرم بینڈ اور کلائی بینڈز رنگ میں رکھ دیئے، جو ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کی واضح علامت سمجھی جاتی ہے، اس موقع پر رِنگ کے اردگرد موجود ساتھی ریسلرز اور شائقین نے کھڑے ہو کر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

رنِگ سے آخری بار رخصت ہوتے ہوئے جان سینا نے کیمرے کی طرف دیکھ کر مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان تمام برسوں میں آپ کی خدمت کرنا میرے لئے اعزاز رہا، آپ سب کا شکریہ۔