خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے محفوظ انتظامات پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر لاہور کی تصاویر دیکھی ہیں اور شہر واقعی انتہائی خوبصورت لگ رہا ہے، بسنت کے دنوں کی ایکسائٹمنٹ انہیں بچپن سے یاد ہے، اگرچہ وہ اب کرکٹ کھیلتے ہوئے پاکستان ٹیم کا حصہ بن گئے تھے، تاہم وہ بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ لاہور اور دیگر شہروں سے آنے والے مہمان اس فیسٹیول کے موقع پر کیسا محسوس کر رہے ہوں گے۔
وسیم اکرم نے کہا ہے کہ وہ پنجاب حکومت کو مبارکباد دیتے ہیں کہ اتنا شاندار فیسٹیول بہترین اور محفوظ انتظامات کے ساتھ منعقد کیا گیا، ساتھ ہی انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی غیر محفوظ یا غیر ضروری سرگرمی سے گریز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری اس موقع کو ذمہ داری کے ساتھ انجوائے کریں تاکہ بسنت کا یہ فیسٹیول ہر سال اسی طرح منایا جا سکے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا ہے کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ خود لاہور جا کر بسنت منا سکیں تاہم وہ ورلڈ کپ کے سلسلے میں سری لنکا روانہ ہو رہے ہیں، آخر میں انہوں نے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ اس فیسٹیول کو بھرپور طریقے سے انجوائے کریں۔