خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں ناقص کارکردگی پاکستانی کرکٹرز کی جیب پر بھاری پڑ گئی، پی سی بی نے 50، 50 لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا۔
ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نیدرلینڈز سے ابتدائی مقابلے میں شکست سے بال بال بچی، پھر امریکا کو بھی ہرا دیا، سری لنکن کنڈیشنز سے واقفیت اور معیاری اسپن بولرز کی موجودگی میں اس بار بھارت کے خلاف بہتر کھیل کی توقع تھی، البتہ ایشیا کپ کے تین میچز کی طرح ناکامی ہی ہاتھ آئی۔
نمیبیا کو زیر کرکے قومی ٹیم نے سپر8 میں تو جگہ بنا لی مگر نیوزی لینڈ سے مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا، پھر انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے سیمی فائنل میں رسائی اگر مگر کی محتاج ہوگئی۔
انگلینڈ نے کیویز کو ہرا کر پاکستانی امیدیں جگائیں مگر سری لنکا کے خلاف ٹیم کی بمشکل فتح سے رن ریٹ بہتر نہ ہو سکا، یوں نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں رسائی مل گئی اور گرین شرٹس کا سفر ختم ہوگیا۔ اس کارکردگی سے شائقین کی طرح بورڈ حکام بھی ٹیم سے خاصے ناراض ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں ہر کھلاڑی پر 50، 50 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیا جا چکا، حکام نے کھلاڑیوں پر واضح کر دیا کہ لاڈ پیار بہت ہو چکا اب پرفارم کیا تب ہی مالی فوائد حاصل ہوں گے، جب اچھی کارکردگی پر پلیئرز انعام پاتے ہیں تو ناقص کھیل پر جرمانہ بھی بھرنا چاہیے، درحقیقت بھارت سے میچ ہارنے کے بعد ہی ٹیم کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس وقت قومی کرکٹرز کی سالانہ آمدنی کروڑوں میں ہے، اے کیٹیگری پلیئر کا ماہانہ 45 لاکھ روپے معاوضہ اور آئی سی سی کی آمدنی کا شیئر 20 لاکھ 70 ہزار روپے ہے، بی کیٹیگری کو 30 لاکھ ماہانہ معاوضہ اور 15 لاکھ 52 ہزار 500 آئی سی سی شیئر دیا جاتا ہے۔