پی ایس ایل 11: عثمان خان کی سنچری، کنگزمین نے سلطانز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

پی ایس ایل 11: عثمان خان کی سنچری، کنگزمین نے سلطانز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

حیدر آباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کی جانب سے ملنے والا 214 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کنگزمین کی جانب سے عثمان خان نے 47 گیندوں پر 10 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 101 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، کپتان مارنوس لبوشیانے نے 61 رنز بنا کر فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔

معاذ صداقت 7، صائم ایوب 5، گلین میکسویل 2 اور کوشال پریرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ حسان خان نے 24 اور عرفان خان نے 8 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

 قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ نے 50 گیندوں پر 106 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 6 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے، صاحبزادہ 66 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ آشٹن ٹرنر5، عرفات منہاس 2 اور شان مسعود ایک رن ہی بنا سکے۔

سلطانز کے جوش فلپ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، محمد نواز بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ محمد عمران رندھاوا 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے عاکف جاوید نے 3 جبکہ محمد علی، حنین شاہ، حسان خان اور گلین میکسویل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دی ہے۔