خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے گا وہ سینٹرل کنٹریکٹ میں رہے گا۔
صوبائی دارالحکومت میں قذافی سٹیڈیم میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ ایک مہینے سے کرکٹ پر کافی کام کر رہے ہیں، دو تین روز تک بہت سی چیزیں فائنل ہو جائیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے کچھ پالیسیز بنائی ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے بھی کافی کچھ کیا ہے، سلیکشن کے معاملات پر بھی کام کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کو مشینی کرنے لگے ہیں، ہم نے گزشتہ سال کہا تھا کہ جو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے گا وہ سینٹرل کنٹریکٹ میں رہے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جو کھلاڑی کیٹیگری میں پورا نہیں اترتا وہ ٹیم میں نہیں آ سکے گا، ہم پانچ کیٹیگریز بنا رہے ہیں، ہم نے ایمرجنگ کی کیٹیگری بھی بنائی ہے، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، ہم میچ فیس بھی بڑھا رہے ہیں، تینوں فارمیٹ کے کرکٹ میں کرکٹرز کی میچ فیس بڑھائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس، ڈومیسٹک اور پرفارمنس پر نظر ہے، ہم نے پیر کے روز کھلاڑیوں کو بھی بلایا ہے ان سے بھی مشورہ کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم جو چیزیں کر رہے ہیں اس کا فائدہ ایک یا دو سال تک ہو گا، سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز اب کمپیوٹرائز ہو گی، سنٹرل کنٹریکٹ میں 15 پوائنٹس پرفارمنس کے ہوں گے، ٹیسٹ کپتانی کے حوالے سے میں نے فیصلہ نہیں کرنا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان کون ہو گا کون نہیں میری ٹیم فیصلہ کرے گی، کئی چیزوں نے ہماری کرکٹ کو خراب کیا ہے، پی سی بی سے متصل بلڈنگ کو ایک پرائیویٹ کمپنی کو دے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کوچنگ کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، میں اگلے دو روز پی سی بی میں میٹنگز کروں گا جب کہ ایشیاء کپ کی ٹرافی کے حوالے سے بھارت سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی کا ایک سوال کے جواب میں مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنا وقت پورا کرے گی، جولائی یا اگست میں کچھ نہیں ہونے لگا، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔