پاکستان ہاکی کی بہتری کیلیے غیر ملکی کوچز نے کام شروع کر دیا

پاکستان ہاکی کی بہتری کیلیے غیر ملکی کوچز نے کام شروع کر دیا

آسٹریلیا کے فٹنس کوچ ڈیوڈ ڈائر، گول کیپر کوچ باب ویلڈوف، اسپورٹس سائیکا لوجسٹ کرس بوون نے آج صبح نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں جاری پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی۔

قومی ہاکی کھلاڑیوں کے تین گھنٹے جاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں غیر ملکی کوچز نے کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا، غیر ملکی کوچز شام میں بھی پاکستان ہاکی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

دوسری جانب ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے 26 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جو آج شام سے اسلام آباد میں ٹریننگ کریں گے۔

کیمپ کے لیے طلب کئے گئے 26 کھلاڑیوں میں سفیان خان اور حنان شاہد کا نام بھی شامل ہے جو انجری سے ری کوری کے بعد پاکستان ٹیم کا کیمپ جوائن کریں گے۔

سفیان خان اور حنان شاہد ان دونوں کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پہلا ہدف ورلڈ کپ میں ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوچز کی تعیناتیاں پاکستان ہاکی کے ایک نئے دور کا آغاز ہیں۔ ورلڈ کپ 15 اگست سے نیدر لینڈ اور بیلجیئم میں شروع ہوگا۔