خلاصہ
- اوسلو: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں اضافی وقت میں 1-2 کی شکست کے باوجود ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کا دارالحکومت اوسلو پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک لاکھ سے زائد مداح سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی ٹیم کو ہیروز کا درجہ دیتے ہوئے تاریخی جشن منایا۔
— Polymarket Sports (@PolymarketSport) July 13, 2026
رائل پیلس کے باہر صبح ہی سے ہزاروں افراد جمع ہونا شروع ہوگئے تھے جبکہ ٹیم کی آمد پر روایتی واٹر کینن سلامی بھی دی گئی۔
کھلاڑیوں نے پہلے شاہ ہیرالڈ سے ملاقات کی جس کے بعد وہ عوام سے ملنے کیلئے محل کی سیڑھیوں پر آئے، اس موقع پر مداحوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ تقریب کے آخری مرحلے میں شریک نہ ہو سکے کیونکہ پرواز میں تاخیر کے باعث انہیں جلد روانہ ہونا پڑا۔
کوچ اسٹالے سولباکن نے بتایا کہ ہالینڈ اور سینڈر برگے کو اپنی فلائٹ پکڑنے کیلئے تقریب ادھوری چھوڑنی پڑی۔
بعد ازاں کھلاڑی اوپن ٹاپ بس میں شہر کا چکر لگانے نکلے تاہم غیرمعمولی ہجوم کے باعث کئی مقامات پر بس کی رفتار رک گئی اور ایک جگہ اسے پیچھے بھی ہٹانا پڑا۔
— Joakim (@joakial_) July 13, 2026
سٹی ہال سکوائر پہنچنے پر بھی ہزاروں شائقین اپنی ٹیم کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
کپتان مارٹن اوڈیگارڈ نے مداحوں کی محبت کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا سے لے کر ناروے تک ملنے والی حمایت ان کی تمام توقعات سے بڑھ کر رہی۔