خلاصہ
- کولمبو: (ویب ڈیسک) بھارت کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔
بھارت کیخلاف گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 165 رنز کی شکست کے بعد سری لنکا کو سیریز برابر کرنے کے لیے دوسرے ٹیسٹ میں لازمی طور پر کم بیک کرنا ہوگا، تاہم میزبان ٹیم کو اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
سری لنکا کے ہیڈ کوچ کرسٹین نے تصدیق کی ہے کہ کوشال مینڈس ہیمسٹرنگ انجری کے باعث کچھ عرصے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ پاتھم نسانکا اور دنیش چندیمل بھی دوسرے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
نہوں نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے، فرسٹ کلاس کرکٹ کا اچھا ریکارڈ رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ بناکر اپنی اہلیت ثابت کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔
سری لنکا کے بیٹر سونل دنوشا نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری کے بعد دوسری اننگز میں بھی 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس حوالے سے ہیڈ کوچ نے ان کی طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا اس انداز میں کھیلنا قابلِ تعریف ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے خلاف گال کے مقام پر کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 165 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کولمبو میں 23 اگست سے کھیلا جائے گا۔