بنگلہ دیش سے میچ نہ ہو سکا، پاکستان چیمپئنز کو پی سی بی سے مثبت فیصلے کی امید

بنگلہ دیش سے میچ نہ ہو سکا، پاکستان چیمپئنز کو پی سی بی سے مثبت فیصلے کی امید

کامل خان کے مطابق کھلاڑیوں نے طے شدہ طریقہ کار کے تحت این او سی کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں اور ٹیم انتظامیہ اب بھی پی سی بی کے مثبت فیصلے کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز کی خواہش ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو تاکہ کھلاڑی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہمارا اپنا ادارہ ہے اور پاکستان چیمپئنز کسی بھی صورت بورڈ کے فیصلے کے خلاف نہیں جائیں گے۔ کامل خان کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ پی سی بی کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور معاملے کے مثبت حل کے لیے رابطے اور بات چیت جاری ہے۔

کامل خان نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز کے کھلاڑی ایونٹ کے لیے تیار تھے اور شائقین بھی ٹیم کو میدان میں دیکھنے کے منتظر ہیں، تاہم انتظامیہ قانون، ضابطے اور بورڈ کے طریقہ کار کو مقدم سمجھتی ہے۔ ان کے مطابق امید ہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں، شائقین اور ایونٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت فیصلہ کرے گا۔

پاکستان چیمپئنز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کو تصادم کے بجائے باہمی احترام، مشاورت اور ادارہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے، تاکہ ٹیم کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع مل سکے۔