خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگز ونڈو 23 نومبر کو بند ہوگئی، لیگ کی آٹھ میں سے چھ فرنچائزز نے ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے ایک ایک مارکی کھلاڑی اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر میٹ ہنری کو 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں ڈائریکٹ سائن کیا جبکہ کراچی کنگز نے انگلینڈ کے لیگ سپنر عادل رشید کی خدمات 6 کروڑ 20 لاکھ روپے میں حاصل کر لیں۔
ملتان سلطانز نے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اسکواڈ کا حصہ بنایا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے میں خرید لیا۔
لاہور قلندرز نے سری لنکن آل راؤنڈر کامندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں ڈائریکٹ سائن کیا جبکہ راولپنڈیز نے آسٹریلوی بیٹر میتھیو شارٹ کو 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں اسکواڈ میں شامل کر لیا۔
پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے پی ایس ایل 12 کے لیے کوئی ڈائریکٹ سائننگ نہیں کی، دونوں فرنچائزز کھلاڑیوں کی ریٹینشن، ٹریڈز اور پلیئر آکشن کے ذریعے اپنے اسکواڈ مکمل کریں گی۔
پی ایس ایل 12 میں ہر فرنچائز کو ایک مارکی کھلاڑی ڈائریکٹ سائن کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔ ڈائریکٹ سائننگ کے لیے ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جو پی ایس ایل 10 اور پی ایس ایل 11 میں شامل نہیں تھے۔
فرنچائزز زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑی ریٹین کر سکیں گی، جن میں ڈائریکٹ سائن کیا گیا کھلاڑی بھی شامل ہوگا، کھلاڑیوں کی ریٹینشن کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
سات کھلاڑی ریٹین کرنے والی فرنچائز کو گزشتہ آکشن کے سب سے زیادہ قیمت والے درجے سے ایک کھلاڑی ریلیز کرنا ہوگا۔
پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن کے لیے ہر فرنچائز کا ابتدائی سیلری کیپ 45 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹ سائننگ کرنے والی فرنچائزز کا سیلری کیپ 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک بڑھ سکے گا۔ گزشتہ سیزن کی ڈائریکٹ سائننگ برقرار رکھنے والی فرنچائزز کو بھی اضافی بجٹ کی سہولت حاصل ہوگی۔
پی ایس ایل 12 میں ہر فرنچائز کے لیے کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا۔
پی ایس ایل 12 کا افتتاحی میچ پشاور میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کے شیڈول اور دیگر تفصیلات کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔