زیتون کے تیل کو روزانہ خالی پیٹ استعمال کرنے کے فوائد

Published On 20 Nov 2017 10:26 PM 

زیتون کا تیل انسانی صحت کے لیے حیرت انگیز فوائد کے سبب امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔

لاہور: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے میں زیتون کے تیل کی خاصیت پر چھپنے والی ایک رپورٹ کے مطابق غذائی ماہرین نے زیتون کے تیل کو روزانہ کی غذا میں شامل کرنے بلکہ خالی معدے پر استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تا کہ اس کے سنہرے فوائد سے مستفید ہوا جا سکے۔

دماغ کی حفاظت

زیتون کا تیل انسانی دماغ کو صحت مند بناتا ہے۔ یہ عمر کے بڑھنے کے ساتھ عقل کی ادراکی قوت بگڑنے سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یادداشت کو مضبوط بناتا ہے اور ڈپریشن کا شکار ہونے کے امکانات کو بھی کم کرتا ہے۔

خون میں شوگر کی سطح پر کنٹرول

زیتون کا تیل خون میں شوگر کی سطح کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسی واسطے ڈاکٹر حضرات ذیابیطس کے مریضوں کو زیتون کے تیل کے استعمال کی ہدایت کرتے ہیں۔

سوزش میں کمی

زیتون کا تیل سوزش کے خلاف اپنے فوائد کے سبب جانا جاتا ہے۔ طبی تحقیقوں سے ثابت ہو چکا ہے کہ 3 سے 4 چمچے زیتون کا تیل وہ ہی اثر کرتا ہے جو "آئیبو بروفِن" دوا کا ہوتا ہے۔

دل کی حفاظت

انسانی جسم میں صحت بخش کولسٹرول میں اضافے کے لیے زیتون کا تیل انتہائی مفید ہے۔ دل اور خون کی شریانوں کے حوالے سے اس کے بے شمار فوائد ہیں۔ زیتون کا تیل ںقصان دہ کولسٹرول کی سطح کو کم بھی کرتا ہے۔

مدافعتی نظام کی تقویت

فیٹی ایسڈر انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس طرح بیماریوں اور امراض کے خلاف جسم کی مزاحمتی قدرت میں اضافہ ہوتا ہے۔

وزن کو کم کرنا

زیتون کا تیل فیٹی ایسڈز کی بڑی مقدار پر مشتمل ہوتا ہے جس کا شمار فائدے کے لحاظ سے بہترین روغنیات میں ہوتا ہے۔ یہ انسان کو سیرابی کا احساس بھی دیتے ہیں۔ زیتون کے تیل کو مکھن کا بہترین نعم البدل سمجھا جاتا ہے۔

قولون کا علاج

زیتون کا تیل ہاضمے کے عمل اور قولون کی حرکت کو تقویت دیتا ہے اور قبض سے بچاتا ہے۔

جِلد کے لیے مفید

زیتون کا تیل جِلد اور ناخنوں کے لیے بے انتہا مفید ہے یہ بالوں کو بھی نرم اور نم رکھتا ہے۔

جگر کی صفائی

زیتون کے تیل کے ذریعے جگر کو مختلف نوعیت کے زہروں سے صاف رکھا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے زیتون کے تیل کے دو چمچے لیموں کے جوس میں ملا کر استعمال کر سکتے ہیں۔