دبئی: (دنیا نیوز) آن لائن ٹیکسی سروس کریم کے ڈیٹا پر سائبر حملہ، ایک کروڑ چالیس لاکھ افراد کی معلومات چوری، کمپنی نے صارفین کو ایپ کا پاسورڈ فوری تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔
دبئی سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی آن لائن ٹیکسی سروس کریم کا ڈیٹا سائبر حملے کی زد میں، ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری ہوگیا۔ آن لائن ٹیکسی سروس کا صارفین کو پاس ورڈ تبدیل کرنے کامشورہ، ٹیکسی سروس نے فوری طور پر سائبرایکسپرٹ کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ کریم کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ رواں برس 14 جنوری کو ہمیں پتہ چلا کہ سائبر ملزمان نے ہمارے سسٹمز تک رسائی حاصل کی جس میں صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا موجود تھا تاہم 14 جنوری کے بعد رجسٹرڈ ہونے والے صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا متاثر نہیں ہوا۔
بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کے نام، ای میل ایڈریس، فون نمبرز اور سفر کی تفصیلات چوری کر لی گئیں۔ کریم ویب سائٹ کے بلاگ میں مزید کہا گیا کہ انتظامیہ نے اس معاملے میں کوئی فراڈ یا غلط استعمال نہیں دیکھا، اس لیے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم سچائی کے ساتھ اس معاملے کو صارفین کے سامنے رکھیں اور مستقبل میں اُن کے ڈیٹا کی حفاظت کی ذمہ داری کی یقین دہانی کرائیں۔