'بوٹ اکاؤنٹ' کا تنازع حل ہونے تک ٹوئٹر ڈیل نہیں ہوسکتی: ایلون مسک

'بوٹ اکاؤنٹ' کا تنازع حل ہونے تک ٹوئٹر ڈیل نہیں ہوسکتی: ایلون مسک

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر کے سی ای او کے ساتھ تنازع کے بارے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنی کا حصول اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک کہ وہ سپیم اکاؤنٹس کے پھیلاؤ کے بارے میں مزید معلومات نہ دیکھ لیں۔

مسک نے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ٹوئٹر پر 20 فیصد جعلی (سپیم) اکاؤنٹس ہے جبکہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ساتھ ٹوئٹر کی فائلنگ گمراہ کن تھی، کمپنی نے کہا ہے کہ اس کے یومیہ فعال صارفین میں سے 5 فیصد سے بھی کم سپیم اکاؤنٹس ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ میری پیشکش ٹوئٹر کی ایس ای سی فائلنگ کے درست ہونے پر مبنی تھی، جبکہ ٹوئٹر کے سی ای او نے عوامی طور پر 5 فیصد کا ثبوت دکھانے سے انکار کر دیا، یہ معاہدہ اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک وہ ایسا نہیں کرتے۔

خیال رہے کہ مسک کی تازہ ترین ٹوئٹ نے 44 بلین ڈالر کے معاہدے پر مزید شکوک پیدا کر دیئے ہیں۔