ناسا کا روبوٹ مریخ سے پتھر زمین پر لانے کیلئے جمع کرنے لگا

Published On 21 September,2022 08:51 am

لاہور: (دنیا نیوز)امریکی خلائی ادارہ ناسا کا روبوٹ مریخ پر اپنے ابتدائی مقاصد مکمل کرنے کے قریب پہنچ گیا، مریخ کے پتھروں کو زمین پر لانے کیلئے ایک مقام پر جمع کرلیا گیا۔

سرخ سیارے پر زندگی کی تلاش کا مشن جاری رکھتے ہوئے ناسا کے روبوٹ نے ابتدائی مقاصد حاصل کر لئے ہیں، ناسا کا پرسیویرینس نامی روبوٹ مریخ سے مختلف اقسام کے پتھر جمع کر رہا ہے، ان پتھروں کو ایک مشین کی مدد سے زمین پر لایا جائے گا، یہ خلائی گاڑی 17 ماہ قبل راکٹ سے نکل کر شہابی گڑھے میں پہنچی تھی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پرسیویرینس نے جو بھی معلومات دیں اس پر سائنسدان متفق ہیں کہ وہاں پر زندگی کی تلاش کیلئے بہترین مقام موجود ہے۔

مریخ کے خراب ماحول کی وجہ سے کسی جاندار کی موجودگی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے تاہم یہ روبوٹ ایسے نمونوں کی تلاش میں ہے جن سے معلوم ہو سکے کہ اربوں سال قبل یہاں پانی تھا،سائنسدانوں کو امید ہے کہ یہ قدیم تاریخ پتھروں کے نمونوں میں محفوظ ہوگی۔

چار ماہ کے دوران پرسیویرینس نے اس 40 میٹر اونچی ڈھلوان پر کام کیا ہے جو ڈیلٹا کے کنارے پر واقع ہے، جلد یہ روبوٹ شہابی گڑھے کی ہموار سطح پر پہنچے گا، سائنسدان مزید نمونے بھی جمع کرنا چاہتے ہیں، اس بات پر بھی توجہ دی جائے گی کہ روبوٹ مستقبل میں کہاں جاتا ہے حتمی فیصلہ مریخ پر ہونے والے واقعات کریں گے۔
 

Advertisement