عدالت میں کیس، ایلون مسک ایک بار پھر ٹوئٹر خریدنے کیلئے آمادہ

Published On 05 October,2022 09:33 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو دنیا کے امیر ترین بزنس مین اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک ایک بار پھر خریدنے تیار ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک نے ایک بار پھر مائیکرو بلاگنگ ایپ ٹوئٹر خریدنے پر ایک بار پھر آمادگی ظاہر کی ہے۔

مسک کے وکلا نے ٹوئٹر انتظامیہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ قانونی جنگ ختم کرکے اس ویب سائٹ کو خریدنے کے لئے سودے کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے ٹوئٹر کے ترجمان نے بھی اس خط کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد امریکی حصص بازار میں ٹوئٹر کے شیئرز کی قیمت میں 22 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

معاہدے پر یوٹرن کے بعد مسک نے ٹوئٹ کیا کہ ٹوئٹر خریدنا ہر چیز کی ایپ بنانے کی جانب سے ایک تیز رفتار قدم ہے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک 54.20 ڈالر فی حصص پر ٹوئٹر کے تمام شیئرز خریدنا چاہتے ہیں جس کی مجموعی مالیت 44 ارب ڈالر بنتی ہے، اس حوالے سے انہوں نے ٹوئٹر سے معاہدہ بھی کیا تھا لیکن اس کے بعد ٹوئٹر پر فرضی اکاؤنٹ کی تعداد کے بارے میں صحیح معلومات نہیں دینے کا الزام لگاکر سودا ختم کردیا تھا۔

ٹیسلا کے بانی کی جانب سے معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد ٹوئٹر عدالت میں پہنچ گیا تھا، اس معاملے کی سماعت 17 اکتوبر سے امریکا کی ڈیلاویئر عدالت میں ہونی ہے تاہم مسک نے عدالتی سماعت سے قبل ہی اپنا فیصلہ بدل دیا۔