ایپل نے حیران کن فیچرز کا حامل آئی فون 15 لانچ کر دیا

Published On 13 September,2023 03:48 pm

کیلی فورنیا: (ویب ڈسیک) معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپ نے جدید، دیدہ زیب اور حیران کن فیچرزکا حامل آئی فون 15 لانچ کر دیا جس کی پہلی جھلک نے ہی صارفین کو دیوانہ بنا دیا۔

ایپل کمپنی بھی ہر سال اپنے مداحوں اور صارفین کے تجسس کو برقرار رکھنے کیلئے نئے آئی فون کے فیچرز کو صیغہ راز میں رکھتی ہے اور ایک دھماکے دار انٹری میں نئے آئی فون کی رونمائی کرتی ہے۔

اسی طرح ایپل کمپنی نے ایک شاندار تقریب میں آئی فون 15 سیریز کے 4 موبائل فونز آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس کو لانچ کردیا ہے، نئے موبائل فونز کے جدید فیچرز نے صارفین کے ہوش اڑا دیے ہیں۔

ایپل نے آئی فون 15 سیریز کے چاروں موبائلز میں یو ایس بی ’سی چارجنگ پورٹ‘ رکھی ہے جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے کئی برسوں سے کیا جا رہا تھا اور یورپی یونین نے بھی اسی پورٹ کو لازمی قرار دیا تھا۔

نئے ماڈل میں ایک اور خاص بات آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈلز میں ریم کو 6 جی بی سے بڑھا کر 8 جی بی کر دیا گیا ہے جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں 6 جی بی ریم دستیاب ہوگی، آئی فون 15 کے پرو ماڈلز میں سائیلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن لگایا گیا ہے۔

آئی فون 15 پرو میکس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی محض 0.06 ہے جو دیگر تمام سمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہے، اگر پراسیسرز کی بات کی جائے تو آئی فون 15 اور 15 پلس میں اے 16 بائیونک پراسیسر دیا گیا ہے جب کہ آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس اے میں 17 بائیونک پراسیسر ہے۔

آئی فون 15 سیریز کی ایک اور خاص بات اس کے تمام ماڈلز کے کیمرا سیٹ اپ کا اپ گریڈ ہونا ہے، آئی فون 15 پرو میکس کے مین اور الٹرا وائیڈ کیمرے کے ساتھ ساتھ نیا ٹیلی فوٹو کیمرا ہے، اس کی خاص بات یہ ہے کہ 12.7 میگا پکسل کا یہ ٹیلی فوٹو کیمرا پیری اسکوپ لینس سے لیس ہے جس سے صارفین 5x سے 10x آپٹیکل زوم کر سکیں گے۔

آئی فون 15 اور 15 پلس کے پچھلی جانب پر ایک کیمرا 48 میگا پکسل اور دوسرا الٹرا وائیڈ 12 میگا پکسل ہے، اسی طرح آئی فون 15 پرو کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 12.7 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 13.4 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے دیے گئے ہیں۔

آئی فون 15 کی قیمت 799 ڈالرز، آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز جب کہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہو رہی ہے جو زیادہ سٹوریج کے حساب سے مزید بڑھ جائے گی۔