واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ایلون مسک میٹا کی ایپ تھریڈز کی بجائے یوٹیوب اور لنکڈ ان کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حریف تصور کرتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے کمپنی کے ایک اجلاس میں اشارہ دیا کہ لنکڈ ان اور یوٹیوب مستقبل میں ایکس کے حریف ہوں گے، یہ اجلاس ایکس (ٹوئٹر) کے ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے ایک سال مکمل ہونے پر ہوا تھا۔
اکتوبر 2022 میں ایکس کو خریدنے کے بعد سے ایلون مسک کی جانب سے اسے سپر ایپ میں تبدیل کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔
وہ ایکس کو ایسے پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، جہاں صارفین صرف پوسٹس یا فالو کرنے کے ساتھ ساتھ پیمنٹس کرنے، ملازمتوں کے حصول، ویڈیوز دیکھنے اور ایسے ہی متعدد کام کر سکیں۔
ایکس میں ویڈیوز اور ملازمتوں کے فیچرز پر کافی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور ایلون مسک اسی لیے لنکڈ ان اور یوٹیوب کو مستقبل میں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے حریف تصور کرتے ہیں۔
یوٹیوب کے مقابلے میں ایکس کے صارفین کی تعداد بہت کم ہے مگر ایلون مسک کی جانب سے مختصر اور طویل ویڈیوز کے فیچرز بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔