ایپل نے الیکٹرک کار بنانے کا منصوبہ ترک کردیا

Published On 28 February,2024 07:03 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایپل کی جانب سے تقریباً ایک دہائی سے الیکٹرک گاڑی کی تیاری پر کام کیا جا رہا تھا مگر اب اس منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس فیصلے کا اعلان 27 فروری کو اندرونی طور پر کیا جس نے منصوبے پر کام کرنے والے 2 ہزار افراد کو حیران کر دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملازمین کو اس فیصلے سے چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیمز اور منصوبے کے سربراہ کیون لِنچ نے آگاہ کیا، دونوں کی جانب سے ملازمین کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ پر کام بتدریج ختم کیا جائے گا اور اس کی تیاری میں مصروف افراد کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ڈویژن میں منتقل کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے اب اے آئی منصوبوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی، ایپل کی جانب سے منصوبے پر کام روکے جانے کی رپورٹ پر کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس منصوبے کو پراجیکٹ ٹائٹن کا نام دیا گیا تھا اور اس پر کام کا آغاز 2014 میں ہوا تھا، اس منصوبے کے تحت ایسی الیکٹرک گاڑی تیار کی جانی تھی جو خود ڈرائیونگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو، مگر آغاز سے ہی منصوبے کو مشکلات کا سامنا ہوا اور اس میں متعدد بار تبدیلیاں کی گئیں۔