کراچی :(دنیا نیوز) پاکستان سول ایوی ایشن،برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کا باہمی تعاون سے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، برطانیہ نے پی سی اے اے کو سکیورٹی سکرینرز کیلئے کمپیوٹر بیسڈ چیکنگ سوفٹ وئیر اور ٹریننگ پروگرام کا تحفہ دیا۔
اس حوالے سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختصر تقریب ہوئی، سول ایویشن اتھارٹی کے محمد عبدالغفار، فرسٹ سیکرٹری ایوی ایشن یو کے ہائی کمیشن اسلام آباد نے کمپیوٹرز ڈائریکٹر ایوی ایشن سکیورٹی ایئر کموڈور ریٹائرڈ شاہد قادر کے حوالے کئے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق تقریب میں ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی سمیت ایوی ایشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معززین موجود تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر پر مبنی تھریٹ امیج ریکگنیشن ٹریننگ پروگرام اور اس کے ہارڈ ویئر کی دستیابی’ آئی کیو‘ شرائط کے عین مطابق ہے، یو کے ڈی ایف ٹی ایوی ایشن سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان سول ایویشن کی کوششوں میں تعاون کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ فرسٹ سیکرٹری ایوی ایشن یو کے ہائی کمیشن نے حال ہی میں مکمل ہونے والے ’آئی کیو‘ فل سکیل آڈٹ میں شاندار کارکردگی پر پی سی اے اےکو مبارکباد پیش کی۔
سی اے اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فرسٹ سیکرٹری ایوی ایشن یو کے ہائی کمیشن کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے ایئر لائنز، اے ایس ایف، کارگو وغیرہ سمیت ایوی ایشن انڈسٹری کے سکرینرز کی چیکنگ کی جاسکے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سسٹم متعارف ہونے کے بعد پاکستان صف اول کی ایویشن سکیورٹی فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا، مستقبل قریب میں (یو کے ڈی ایف ٹی) کا ادارہ پاکستان میں ایویشن سکیورٹی انسپکٹرز کی ٹریننگ اور تربیت کا اہتمام کرے گا۔
واضح رہے کمپیوٹرائزڈ سکیورٹی سکرینرز کی چیکنگ، تربیتی پروگرام کی فراہمی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پائیدار شراکت کو اجاگر کرتی ہے۔