قومی سطح پرخلائی تحقیق کا فروغ ، سپارکو کا جامعات کیساتھ تعاون کا منصوبہ

Published On 18 November,2024 11:21 am

کراچی: (رطابہ عروس) سپارکو نے قومی سطح پر خلائی تحقیق کو فروغ دینے کیلئے متعدد جامعات کے ساتھ تعاون کا منصوبہ بنایا ہے۔

 سپارکو نے پاکستان میں خلائی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے کراچی میں جدید ریزولو آر اینڈ ڈی لیب کا آغاز کر دیا ، ریزولو آر اینڈ ڈی لیب جدید خلائی تحقیق کے لیے راہیں ہموار کرےگی، لیب کے قیام کا مقصد پاکستان بھر میں خلائی ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے سپارکو کمپلیکس کراچی میں نیشنل سینٹر فار ریموٹ سینسنگ اینڈ جیو انفارمیٹکس میں سپارکو کی ریزولو آر اینڈ ڈی لیب کا افتتاح کیا ۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ نے کہا کہ سپارکو کی ریزولو لیبز سپیس ایویونکس، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور دیگر شعبوں میں تحقیق کو فروغ دیں گی، سپارکو ریزولو مہم کے تحت پاکستان بھر میں خلائی ٹیکنالوجی پر سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کیے جائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سپارکو کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس لیب کو بنایا،یہ بہت ہی جدید لیب ہے بدقسمتی سے سپیس ٹیکنالوجی پر کام نہیں کیا جاتا ہے، ہر ایک کوشش کررہا ہے کہ سپیس پر اپنی جگہ بنائے ، پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس نے سپیس ٹیکنالوجی پر کام کیا ۔