کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ پر ’سکیننگ‘ کے بعد ’امیج ریورس سرچ‘ کے فیچر کی آزمائش کا بھی آغاز کر دیا گیا۔
انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ کے محدود صارفین کو ’ریورس امیج سرچ‘ کے آپشن تک رسائی دی گئی ہے۔
مذکورہ فیچر کے تحت صارفین گوگل ریورس امیج کی طرح تصاویر کو سرچ کر سکیں گے، فیچر کا مقصد تصاویر کی تحقیق کرنا ہے تاکہ صارفین موصول ہونے والی تصویر سے متعلق مزید معلومات حاصل کر سکیں۔
فیچر کے تحت صارفین موصول ہونے والی تصویر کو واٹس ایپ کے چیٹ باکس میں ہی کلک کر کے ویب ورژن پر سرچ کر سکیں گے، فیچر کے تحت صارفین جیسے ہی مطلوبہ تصویر پر کلک کریں گے ازخود موبائل یا ڈیسک ٹاپ پر ویب ورژن کھل جائے گا، جہاں تصویر سے ملتی جلتی دیگر تصاویر اور پوسٹس بھی نظر آنے لگیں گی۔
مذکورہ فیچر تک فوری طور پر محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے، اگلے مرحلے میں اس کی آزمائش کو بڑھایا جائے گا، جس کے بعد اسے رواں برس کی پہلی سہ ماہی تک پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خبر سامنے آئی تھی کہ واٹس ایپ پر صارفین کی سہولت کیلئے دستاویزات اور تصاویر کو سکین کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی ہے۔