کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) یوٹیوب نے ویڈیو شارٹس بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا ایک نیا فیچر شامل کر لیا۔
یوٹیوب کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کے ڈیپ مائنڈ ’ویو 2 اے آئی ماڈل‘ کو ڈریم سکرین فیچر کے ساتھ ضم کیا جا رہا ہے، نئے ویڈیو جنریشن ماڈل سے مصنوعی ذہانت سے ویڈیوز کلپس تیار کی جا سکیں گی، جنہیں یوٹیوب شارٹس ویڈیوز میں شامل کیا جا سکے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ٹول کا استعمال ایسی فوٹیج شامل کرنے کیلئے کیا جا سکتا ہے جو خیال کو حقیقت میں بدلنے کا سبب بن سکتی ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈریم سکرین پہلے صرف تخلیق کاروں کو اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ویڈیو پس منظر یا بیک گراؤنڈ شامل کرنے کی اجازت دیتا تھا، تاہم اب یوٹیوب شارٹس میں بھی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز بنائی جا سکیں گی۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ وہ گوگل ڈیپ مائنڈ کے تازہ ترین ویڈیو جنریشن ماڈل ’ویو 2 ’کو ڈریم سکرین کے ساتھ ضم کر رہا ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے صارفین شارٹس میں ’سٹینڈ الون‘ ویڈیوز تیار کرسکتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد پلیٹ فارم پر تخلیق کاروں کو فوٹیج بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے، ’ویو2‘ ٹول ایک ’ٹیکسٹ ٹو ویڈیو جنریٹر‘ ہے، لہٰذا صارفین آسانی سے لکھ کر وہ ویڈیو تخلیق کروا سکیں گے، جو خیال ان کا تخیل ہو، جبکہ ویڈیو تخلیق کرنے کا کام ’ویو 2 اے آئی ماڈل‘ کرے گا۔
ویو 2، کو دسمبر 2024 میں متعارف کروایا گیا، جو ’ویو اے آئی ماڈل‘ کا جدید ورژن ہے، ڈیپ مائنڈ کا دعویٰ ہے کہ ویو 2 سے تیار کردہ ویڈیوز حقیقت سے زیادہ قریب ہیں۔