کیا ونڈوز 10 کا سفر ختم ہونے کو ہے؟

Published On 16 September,2025 01:21 pm

لاہور: (محمد حذیفہ) تقریباً ایک دہائی پہلے جب مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم پیش کیا تو اسے ونڈوز کا آخری ورژن کہا گیا تھا، سٹارٹ مینیو کی واپسی، تیز رفتار کارکردگی اور ہر طرح کی ڈیوائسز پر یکساں کام کرنے کے دعوے نے صارفین کے دل جیت لیے۔

آج جب یہ اعلان ہو رہا ہے کہ 14 اکتوبر 2025ء کے بعد ونڈوز 10 کو کوئی نیا اپ ڈیٹ نہیں ملے گا تو لاکھوں صارفین کے ذہنوں میں سوال پیدا ہو رہا ہے کہ اب کیا ہوگا؟

ونڈوز 10 نے روایتی اور جدید ڈیزائن کا ایسا امتزاج پیش کیا جس نے دفاتر، گھروں اور سکولوں میں کمپیوٹر کے استعمال کا تصور بدل دیا، سٹارٹ مینیو اور ٹاسک بار کی سادگی کے ساتھ ساتھ لائیو ٹائلز نے انٹرفیس کو نئی زندگی دی، گیمز کیلئے ڈائریکٹ ایکس 12، پروڈکٹیویٹی کیلئے ورچوئل ڈیسک ٹاپس اور ٹچ ڈیوائسز کیلئے کونٹینیوم نے اسے ہر ضرورت کیلئے موزوں بنا دیا، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد کمپیوٹرز اس آپریٹنگ سسٹم سے کام کر رہے ہیں۔

اپ ڈیٹس بند ہونے کا مطلب؟

مائیکروسافٹ کی جانب سے یہ فیصلہ اس لئے کیا جا رہا ہے کہ صارفین جدید ہارڈویئر اور بہتر سکیورٹی فیچرز کے حامل ونڈوز 11 یا آنے والے ورژنز کی طرف آئیں، مگر اس کے کچھ پہلو ایسے ہیں جن پر توجہ ضروری ہے، اپ ڈیٹس کے بغیر نئے وائرس اور مال ویئر کے خلاف سسٹم کمزور ہو جائے گا، مطابقت کے مسائل بھی ہو سکتے ہیں کیونکہ مستقبل کے پروگرام اور ڈرائیورز زیادہ تر ونڈوز 11 کیلئے بنیں گے، کاروباری خطرات بھی ہو سکتے ہیں اور سرکاری اور نجی ادارے اگر پرانے سسٹمز استعمال کرتے رہے تو ڈیٹا لیک یا سائبر حملوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

حل کیا ہیں؟

اگر آپ کا کمپیوٹر ونڈوز 11 کے تقاضوں TPM 2.0 Secure Boot وغیرہ پر پورا اترتا ہے تو اَپ گریڈ سب سے بہتر راستہ ہے، تاہم ونڈوز10 کیلئے ایکسٹینڈڈ سکیورٹی اپ ڈیٹس پروگرام بھی دستیاب ہوگا جو فیس کے عوض سکیورٹی پیچ فراہم کرے گا، وہ صارفین جو ونڈوز 10 پر ہی رہنا چاہتے ہیں انہیں مضبوط اینٹی وائرس، فعال فائر وال اور باقاعدہ بیک اپ جیسی احتیاطی تدابیر اپنانی چاہئیں، انٹرنیٹ استعمال کرتے وقت غیر مصدقہ لنکس اور ای میلز سے اجتناب اب پہلے سے زیادہ ضروری ہو جائے گا۔

ونڈوز 10 آج بھی پسندیدہ کیوں؟

ونڈوز 11 اپنے جدید ڈیزائن اور سکیورٹی فیچرز کے باوجود ہر کسی کیلئے موزوں نہیں، اس کے ہارڈویئر تقاضے اور نئے یوزر انٹرفیس نے کچھ صارفین کو ہچکچاہٹ میں ڈال رکھا ہے، اس کے برعکس ونڈوز 10 پرانے اور نئے دونوں طرح کے کمپیوٹرز پر بآسانی چلتا ہے اور کئی کاروباری ایپلی کیشنز اب بھی ونڈوز 10 کے ساتھ زیادہ بہتر مطابقت رکھتی ہیں، علاوہ ازیں 10 سال کی مسلسل اَپ ڈیٹس نے اس سسٹم کو پختہ اور مستحکم بنایا ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ بہت سے صارفین اسے اب بھی ونڈوز 11 کے مقابلے میں زیادہ قابلِ اعتماد سمجھتے ہیں۔

یاد رہے کہ ونڈوز 10 فوراً ختم نہیں ہوگا، اپ ڈیٹس کی بندش کے بعد بھی یہ کام کرے گا لیکن وقت کے ساتھ سکیورٹی کے مسائل اور جدید سافٹ ویئر کی کمی اسے مشکل بنا دے گی، ایسے میں فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ اگر آپ کو جدید فیچرز، طویل مدتی سپورٹ اور ہائی سکیورٹی چاہیے تو ونڈوز 11 یا نئے ورژنز کی طرف جائیں، اگر آپ اب بھی ونڈوز 10 کے سادہ انٹرفیس سے خوش ہیں تو مزید کچھ سال اس سے استفادہ کر سکتے ہیں مگر حفاظتی اقدامات کے بغیر نہیں۔

ونڈوز 10 ایک ایسے دوست کی مانند رہا ہے جو ہر ماحول میں ساتھ دیتا ہے چاہے دفتر کا بھاری بھر کم سپریڈشیٹ ہو، سکول کا ہوم ورک یا رات گئے تک گیمنگ کا شوق، اس نے ہمیشہ سہارا دیا، اب جب یہ اپنی عمر کے آخری دور میں ہے تو صارفین کیلئے ضروری ہے کہ مستقبل کی تیاری کریں، چاہے آپ ونڈوز 11 کو اپنائیں یا کچھ عرصہ مزید اپنے پرانے ساتھی کے ساتھ رہیں لیکن ایک بات طے ہے کہ ونڈوز 10 نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں جو مقام بنایا وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محمد حذیفہ کمپیوٹر سائنس کے طالبعلم ہیں، ان کے بلاگ مختلف ویب سائٹس پر شائع ہوتے رہتے ہیں۔