بیجنگ :(دنیا نیوز) چینی سائنس دانوں نے دنیا کا پہلا ایسا سوفٹ ویئر تیار کرلیا ہے جو چاند پر وقت ناپنے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت مستقبل کے قمری مشنز کی نیویگیشن اور کمیونیکیشن کے طریقوں میں نمایاں تبدیلی لا سکتی ہے کہ چاند پر وقت کا تعین زمین کی طرح سادہ نہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ چاند پر گھڑیاں زمین کے مقابلے میں تیز چلتی ہیں۔
چینی سائنس دانوں کا کہنا تھا چاند پر وقت روزانہ تقریباً 5 کروڑ 60 لاکھواں حصے (56 مائیکرو سیکنڈ) زیادہ تیزی سے گزرتا ہے، یہ فرق البرٹ آئن سٹائن کے نظریہ اضافیت کے مطابق ہے۔
بظاہر یہ فرق بہت معمولی لگتا ہے لیکن درست نیویگیشن، لینڈنگ اور خلائی مشنز میں یہی مائیکرو سیکنڈز انتہائی اہم ثابت ہوتے ہیں۔
دوسری جانب چینی محققین کا کہنا ہے کہ اگر قمری مشنز میں زمین کے وقت کے بجائے ’چاند کے وقت‘ کے مطابق منصوبہ بندی کی جائے تو خلائی جہازوں کی درستگی اور رابطے کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے جس سے مشنز کی کامیابی کے امکانات بڑھ جائیں گے۔



