سنیپ چیٹ پر اب پرانی تصاویر، ویڈیوز محفوظ کرنے کیلئے فیس دینا ہوگی

Published On 03 October,2025 08:37 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسیجنگ ایپ سنیپ چیٹ میں اب مفت سٹوریج کا دور ختم ہونے والا ہے، جس کے تحت صارفین کو پرانی تصاویر اور ویڈیوز محفوظ کرنے کیلئے ادائیگی کرنا ہوگی۔

ایپلی کیشن کی مالک کمپنی سنیپ نے اعلان کیا ہے کہ اب سے ایپ پر پرانی تصاویر یا ویڈیوز محفوظ کرنے کیلئے صارفین سے فیس لی جائے گی، اس وقت صارفین سنیپ چیٹ کے ’میموریز‘ فیچر کے تحت 2016 تک کی شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز تک بآسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، لیکن جن کے پاس 5 جی بی سے زیادہ میموریز ڈیٹا ہے، انہیں اب اس تک رسائی کیلئے ادائیگی کرنا ہوگی۔

سنیپ نے بی بی سی کو برطانیہ میں لاگو سٹوریج پلانز کی قیمت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں، صرف کہا کہ یہ تبدیلی آہستہ آہستہ عالمی سطح پر نافذ کی جائے گی۔

26 ستمبر کو کئے گئے ایک اعلان میں سنیپ نے بتایا کہ صارفین نے 2016 کے بعد سے اپنے پلیٹ فارم پر ایک کھرب سے زیادہ میموریز محفوظ کی ہیں۔

کمپنی کے مطابق زیادہ تر صارفین کیلئے جن کے پاس 5 جی بی سے کم میموریز ہیں، کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا، لیکن جن کے پاس 5 جی بی سے زیادہ میموریز ہیں، یعنی ہزاروں سنیپس، انہیں سٹوریج بڑھانے اور اپ گریڈ کرنے کے نئے آپشنز فراہم کئے جائیں گے۔

ابتدائی میموریز سٹوریج پلانز میں 100 جی بی، 250 جی بی سنیپ چیٹ+ کے ساتھ، یا 5 ٹی بی سنیپ چیٹ پلاٹینم کے ساتھ شامل ہیں، سنیپ نے وعدہ کیا ہے کہ 5 جی بی سٹوریج کی حد سے زائد کسی بھی میموری کے لئے 12 ماہ کی عارضی سٹوریج فراہم کی جائے گی۔

ایک ایکس صارف نے مبینہ ادائیگی کے صفحے کے سکرین شاٹس شیئر کئے، جس میں سب سے سستا پلان 100جی بی سٹوریج کیلئے ماہانہ 2.99 آسٹریلین ڈالر تھا۔

سوشل میڈیا پر اس اعلان پر منفی ردعمل سامنے آیا ہے اور کئی صارفین نے کہا ہے کہ اگر انہیں سٹوریج کیلئے ادائیگی کرنی پڑی تو وہ ایپ کا استعمال بند کر دیں گے۔