انسانی جسم میں جمی چکنائی ختم کرنے کے لیے مائیکرو روبوٹ ایجاد

Published On 01 December,2025 08:48 am

برن: (ویب ڈیسک) ماہرین نے انسانی جسم میں جمی چکنائی ختم کرنے کے لیے مائیکرو روبوٹ ایجاد کر لیا۔

سوئس یونیورسٹی ای ٹی ایچ زیورخ کے ماہرین نے ایک ایسا انقلابی مائیکرو روبوٹ تیار کیا ہے جو انسانی جسم کی چھوٹی سے چھوٹی شریانوں میں بھی حرکت کر سکتا ہے، یہ روبوٹ 2 ملی میٹر سے بھی کم سائز کا ہے، اور اس کا مقصد جسم میں جمی ہوئی چکنائی یا چربی کو ختم کرنا ہے، جس سے خون کی روانی متاثر ہوتی ہے اور ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انسانی جسم میں 360 سے زائد مختلف شریانیں، رگیں اور وریدیں پائی جاتی ہیں، اور ان میں چکنائی جمع ہونے سے صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس مائیکرو روبوٹ کا استعمال ڈاکٹروں کو دوا پہنچانے کی سہولت دے گا تاکہ وہ جمی چکنائی تک پہنچ کر اسے فوری طور پر ختم کر سکیں، اس طرح مہنگے اور پیچیدہ آپریشنوں سے بچا جا سکے گا۔

ماہرین کے مطابق روبوٹ کا ڈھانچہ فولادی نینو ذرّات سے تیار کیا گیا ہے، جسے مقناطیسی آلے کی مدد سے باہر بیٹھے ڈاکٹر کنٹرول کر سکیں گے، اس طرح ڈاکٹر اس روبوٹ کو انسانی جسم کے اندر مخصوص جگہ تک پہنچا کر چکنائی کو ختم کر سکیں گے، جو نیا اور مؤثر طریقہ علاج ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی انسانی صحت کے لیے ایک بڑا قدم ثابت ہو سکتی ہے، جو نہ صرف علاج کو سستا اور آسان بنائے گی بلکہ پیچیدہ سرجریوں سے بچا بھی سکے گی۔