خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفئیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان کے ہیومن سپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل کامیابی سے عبور کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ سپارکو نے خلا باز امیدواروں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، پاکستان میں ابتدائی سکریننگ کے بعد دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جنہوں نے چین کے آسٹروناٹس سینٹر (ACC) میں بین الاقوامی انسانی خلائی پرواز کے معیارات کے مطابق جامع طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی جائزے مکمل کیے۔
شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں چھ ماہ تک جدید خلا باز تربیت حاصل کریں گے، تربیت مکمل ہونے کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر / نومبر 2026 میں چینی خلائی سٹیشن پر خلائی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
پاکستان اور چین میں تعاون فروری 2025 میں دستخط کیے گئے دو طرفہ آسٹروناٹ تعاون معاہدے کے تحت ہو رہا ہے، جو وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں طے پایا، جن کے وژن اور تعاون نے پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شمولیت کو ممکن بنایا۔
یہ تاریخی اقدام عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی مضبوط حمایت کا بھی عکاس ہے، جس نے اپنے خلا باز پروگرام میں پاکستان کو پہلے غیر ملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا ہے۔