خلاصہ
- اوسلو: (ویب ڈیسک) ناروے کی ولی عہد شہزادی میٹ ماریٹ نے ان لوگوں سے معذرت کی ہے جنہیں انہوں نے مایوس کیا، یہ معذرت جنسی جرائم کے مرتکب امریکی ارب پتی جیفری ایپسٹین کے ساتھ ان کے ماضی کے رابطوں کی جانچ پڑتال اور اس صورتحال پر سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے شاہی خاندان کو لاکھڑا کیا۔
ایپسٹین کے ساتھ میٹ ماریٹ کے رابطوں نے شہزادی کو گزشتہ چند دنوں سے توجہ کا مرکز بنا رکھا ہے، اسی دوران ان کا بیٹا رواں ہفتے ریپ کے الزام سمیت کئی جرائم کے سلسلے میں عدالت میں پیش ہوا ہے۔
ایپسٹین کی فائلوں میں شہزادی کا ذکر سینکڑوں بار آیا ہے اور نارویجن میڈیا کے مطابق وہ 2019 میں پہلے ہی ایپسٹین کے ساتھ اپنے رابطوں پر ندامت کا اظہار کر چکی تھیں، دستاویزات، جن میں ای میلز کا تبادلہ بھی شامل ہے، ظاہر کرتی ہیں کہ میٹ ماریٹ نے 2013 میں کئی دنوں کے لیے فلوریڈا کے پام بیچ میں ایپسٹین کا گھر کرائے پر لیا تھا۔
شاہی محل سے جاری ایک بیان میں میٹ ماریٹ نے کہا کہ میں اس صورتحال پر اپنی معذرت دہراتی ہوں جس میں میں نے شاہی خاندان، بالخصوص بادشاہ اور ملکہ کو ڈالا ہے۔
ادھر ناروے کے وزیراعظم نے کہا کہ میٹ ماریٹ اور دیگر ممتاز نارویجن شخصیات، جن کے نام ایپسٹین کے بارے میں شائع ہونے والی تازہ ترین دستاویزات میں آئے ہیں، انہیں اپنی مبینہ شمولیت کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کرنی چاہئیں۔