خلاصہ
- لندن: (دنیا نیوز) مصنوعی ذہانت کی کمپنی انتھروپک نے ممکنہ سرمایہ کاروں کو خبردار کیا ہے کہ جدید اے آئی ٹیکنالوجی انسانیت کے لیے تباہ کن ثابت ہونے یا اس کی بقا کے لیے خطرہ بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رائٹرز کے مطابق انتھروپک نے یہ انتباہ اپنی مجوزہ ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے لیے تیار کی گئی 261 صفحات پر مشتمل دستاویز میں کیا ہے، جو تاحال عوامی طور پر جاری نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی ممکنہ طور پر 2 ہزار ارب ڈالر کی قدر کے آئی پی او کی تیاری کر رہی ہے۔ دستاویز میں سرمایہ کاروں کو اے آئی ٹیکنالوجی سے وابستہ ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
دستاویز کے 48 صفحات میں کمپنی کے کاروبار کی وضاحت کی گئی، جبکہ تقریباً 80 صفحات اے آئی سے وابستہ خطرات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
انتھروپک کی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اے آئی ماڈلز میں ایسے رویوں کے شواہد سامنے آئے ہیں جنہیں خود حفاظتی رویے قرار دیا جاسکتا ہے، جن میں سسٹم کو بند کیے جانے کے خلاف مزاحمت، معلومات چھپانا اور بلیک میلنگ جیسے رویے شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس کے انتہائی جدید اے آئی ماڈلز، پلیٹ فارمز اور ایپلی کیشنز سے ایسے اشارے ملے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپنی تیار کردہ ٹیکنالوجی سے منافع کمانے کی کوشش کرنے والی کمپنی کی جانب سے ممکنہ سرمایہ کاروں کو اسی ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنا ایک غیر معمولی اقدام ہے۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انتھروپک اس سے قبل اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار سست کرنے کی ضرورت پر بھی زور دے چکی ہے۔
تاہم انتھروپک نے رائٹرز کی رپورٹ پر تاحال باضابطہ طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔