خلاصہ
- نیویارک: (ویب ڈیسک) فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام میں ایک نئے ممکنہ فیچر’ریڈ اونلی موڈ‘ پر اندرونی سطح پر کام کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے ذریعے صارف پلیٹ فارم پر موجود مواد دیکھ تو سکے گا، تاہم اس کی سرگرمیوں کا کوئی ریکارڈ ظاہر نہیں ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات افشا کرنے والے لیکر اور ریورس انجینئر الیساندرو پالوزی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انسٹاگرام کے ممکنہ نئے فیچر کی تفصیلات اور اس کے سکرین شاٹس شیئر کیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ’ریڈ اونلی موڈ‘ فعال ہونے کے بعد صارف انسٹاگرام پر مختلف مواد براؤز کرسکے گا، تاہم اسے پوسٹس لائک یا کمنٹ کرنے، پیغامات بھیجنے اور کسی اکاؤنٹ کو فالو کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ صارف اس موڈ میں اسٹوریز بھی نہیں دیکھ سکے گا۔
اس فیچر کا بنیادی مقصد صارف کو انسٹاگرام پر موجود مواد دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے، تاہم اس کی جانب سے کی جانے والی عام سرگرمیوں کا کوئی نشان پلیٹ فارم پر ظاہر نہیں ہوگا۔
رپورٹس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ’ریڈ اونلی موڈ‘ ممکنہ طور پر انسٹاگرام پلس اکاؤنٹس کے لیے زیرِ غور ہوسکتا ہے، تاہم انسٹاگرام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال یہ فیچر عام صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں بھی نہیں ہے۔
انسٹاگرام کے ترجمان نے ایک ٹیکنالوجی ویب سائٹ کو بتایا کہ ’ریڈ اونلی موڈ‘ صرف اندرونی سطح پر کیا جانے والا ایک تجربہ ہے اور اسے بیرونی طور پر ٹیسٹ نہیں کیا جارہا۔
ترجمان کے مطابق اس صورتحال میں فیچر کی حتمی لانچ کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی بات نہیں کی جاسکتی، انسٹاگرام نے ممکنہ طور پر اس فیچر سے وابستہ حفاظتی خدشات یا مستقبل میں اس کی آزمائش سے متعلق مزید تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں۔