خلاصہ
- نیویارک: (ویب ڈیسک) دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شامل فیس بک کے صارفین کے لیے میٹا بڑی تبدیلی متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس سے پلیٹ فارم کے استعمال کا روایتی انداز تبدیل ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا کی جانب سے فیس بک کے نئے ڈیزائن اور انٹرفیس کی آزمائش کی جارہی ہے، جس میں روایتی ٹیکسٹ اور فوٹو پوسٹس کے بجائے ویڈیو مواد کو زیادہ ترجیح دی جائے گی۔
نئے ڈیزائن کے تحت صارفین فیس بک ایپ کھولیں گے تو انہیں روایتی نیوز فیڈ کے بجائے فل اسکرین ویڈیو فیڈ دکھائی دے گی، اس طرح فیس بک کا تجربہ ٹک ٹاک اور یوٹیوب شارٹس جیسے پلیٹ فارمز سے مشابہ ہوجائے گا۔
رپورٹس کے مطابق میٹا اس نئے ویڈیو فرسٹ ورژن کی آزمائش ابتدائی طور پر بھارت میں کررہی ہے تاکہ یہ جانچا جاسکے کہ صارفین نئے انداز کو کس حد تک پسند کرتے ہیں۔
کمپنی محدود تعداد میں صارفین کے ساتھ اس تجربے کو آزما رہی ہے، جبکہ آزمائشی صارفین کو روایتی فیس بک ڈیزائن پر واپس جانے کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔
فیس بک کی پرانی نیوز فیڈ کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے ایپ کی نیوی گیشن میں ایک ثانوی ٹیب کے طور پر دستیاب رکھا جائے گا۔
یہ تبدیلی اس حوالے سے بھی دلچسپ ہے کہ فل سکرین ویڈیو فیڈ کا تصور سب سے زیادہ ٹک ٹاک سے منسلک کیا جاتا ہے، ٹک ٹاک کھولتے ہی صارف کو فل سکرین ویڈیو دکھائی دیتی ہے، جبکہ میٹا اب اسی طرز کے تجربے کو فیس بک کا حصہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔
تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ میٹا نئے ڈیزائن کو دنیا بھر کے صارفین کے لیے کب متعارف کرائے گی، امکان ہے کہ کامیاب آزمائش کی صورت میں ویڈیو فرسٹ ڈیزائن کو مرحلہ وار دیگر ممالک تک توسیع دی جائے، تاہم کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔