خلاصہ
- کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے سٹیٹس اپ ڈیٹس کو دوگنی رفتار سے دیکھنے کے نئے فیچر کی فراہمی شروع کر دی ہے، جس کی مدد سے صارفین کم وقت میں زیادہ کانٹیکٹس کے سٹیٹس دیکھ سکیں گے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق یہ فیچر گوگل پلے سٹور پر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.40.4 میں سامنے آیا ہے، ابتدائی طور پر یہ سہولت محدود تعداد میں بیٹا صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ ہفتوں میں مزید صارفین تک اس کی رسائی متوقع ہے۔
نئے فیچر کو استعمال کرنا بھی آسان ہوگا، صارفین کو سٹیٹس دیکھتے ہوئے اسکرین کے دائیں جانب انگلی دبا کر رکھنا ہوگی، جس سے پلے بیک کی رفتار عارضی طور پر دوگنا ہو جائے گی، انگلی ہٹاتے ہی رفتار معمول پر واپس آ جائے گی۔
اس فیچر کے لیے کسی مستقل سیٹنگ میں تبدیلی کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ صارفین ہر سٹیٹس کے دوران ضرورت کے مطابق اسے استعمال کر سکیں گے، اس طرح طویل سٹیٹس دیکھنے اور کم وقت میں زیادہ اپ ڈیٹس کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ آڈیو کے ساتھ سٹیٹس اپ ڈیٹس کا دورانیہ 30 سیکنڈ تک ہو سکتا ہے، جس کے باعث متعدد کانٹیکٹس کے سٹیٹس دیکھنے میں خاصا وقت صرف ہوتا ہے، نئی سہولت اسی عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے متعارف کرائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس فیچر کی آزمائش یا فراہمی سے متعلق اطلاعات پہلے آئی فون صارفین کے حوالے سے بھی سامنے آ چکی ہیں، تاہم اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اس کی دستیابی مرحلہ وار جاری ہے، اس لیے ممکن ہے کہ یہ سہولت فوری طور پر تمام صارفین کو دستیاب نہ ہو۔